Ghazal - Aap Jaisay Yahaan Funkar
May 18, 2007 on 11:28 pm | In Gulab Khushbo Bana Gaya |آپ جیسے یہاں فنکار بہت ملتے ہیں
جان و دل دینے کو تیار بہت ملتے ہیں
بھولی بھالی کسی صُورت پہ نہ جانا صاحب!
گُل کے پردے میں یہاں خار بہت ملتے ہیں
تیرے ہاتھوں کی لکیروں میں کئی موڑملے
اور بدل جانے کے آثار بہت ملتے ہیں
مانا ہم جیسے بھی لاکھوں ہیں جہاں میں لیکن
آپ جیسے بھی تو سرکار! بہت ملتے ہیں
آنکھ کُھل جانے پہ ‘ اِک بار کبھی آن ملو
خواب وادی کے تو اُس پار بہت ملتے ہیں
زندگی کو کوئی جانے بھی تو جانے کیسے
اِس کہانی میں تو کردار بہت ملتے ہیں
عدل ملتا ہی نہیں سارے زمانے میں کہیں
مسندیں ملتی ہیں ‘ دَربار بہت ملتے ہیں
کوئی تعبیر کو تصویر کا پیکر بھی تو دے
خواب اِن آنکھوں کو بے کار بہت ملتے ہیں
کوئی حَد ہے کہ جنہیں مل کے ملے ہیں خود سے
وہ بھی ملتے ہیں بے زار بہت ملتے ہیں
آؤ ‘ اِک بار کُھلے دل سے ‘ محبت سے ملیں
مستقل دل پہ لیے بار بہت ملتے ہیں
دل میں رکھ کر کوئی پوجے گا تو مانیں گے بتول
خالی خولی ہمیں اِظہار بہت ملتے ہیں
No Comments yet »
RSS feed for comments on this post. TrackBack URI
Leave a comment
Presentation of Urdu Poetry Forum - Get RSS Feed:
Entries and comments feeds.
^Top^